نئی دہلی، 5؍ مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )الیکشن کمیشن نے کانگریس سے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی اس قرارداد کی کاپی مانگی ہے جس کے تحت پارٹی نے اپنے اندرونی انتخابات کو ایک سال آگے بڑھاتے ہوئے دسمبر 2017تک ملتوی کر دیا تھا۔اس کے بعد تنازعہ کو روکنے کی کوششیں کے تحت کانگریس نے انتخابی مبصر کو قرارداد کی ایک کاپی بھیج دی ہے۔دراصل ،الیکشن کمیشن نے کانگریس پارٹی سے تنظیمی انتخابات کرانے کو لے کر ہو رہی تاخیر پر سوال کیا ہے، جبکہ گزشتہ سال بھی کانگریس نے تنظیمی انتخابات کے لیے اپنی ورکنگ کمیٹی میں لیے گئے فیصلے کی معلومات دیتے ہوئے ایک سال کی مہلت کے بعد پھر 6 ماہ کا وقت مانگا تھا۔الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہاکہ قراردار کی کاپی ملنے کے بعد پول پینل نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔اس سے پہلے 5؍جنوری کو الیکشن کمیشن نے مزید ایک سال تک داخلی انتخابات کو ملتوی کرنے کا کانگریس کا مطالبہ مسترد کر دیا تھا، جس کے بعد 3؍فروری کو کانگریس نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دلیل دی تھی کہ پارٹی کا آئین کانگریس ورکنگ کمیٹی کو داخلی انتخابات پر فیصلہ لینے کااختیار دیتا ہے۔کانگریس نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کے اختیارات صرف انتخابات کی نگرانی تک ہی محدود ہے اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی اپنے تمام انتخابات 2017کے وسط تک مکمل کر لے گی۔اس کے بعد پول پینل نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے پارٹی 2015میں انتخابات کے لیے ایک سال کی مہلت لے چکی ہے، ایسے میں اب اس تازہ درخواست کا مطلب ہے کہ اندرونی انتخابات سیدھے سیدھے دو سال کے لیے ملتوی کئے جائیں گے۔اس کے بعد اب الیکشن کمیشن نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی قرارداد مانگی ہے، اس کے ساتھ ہی کانگریس نے الیکشن کمیشن کو یہ بھی دلیل دی ہے کہ ابھی اس کے تمام کارکنان اور ممبران اسمبلی انتخابات کی تشہیر میں مصروف ہیں ،اس لیے پارٹی ابھی داخلی انتخابات نہیں کرا سکتی۔